اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم خشک جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔محکمہ کے مطابق آج رات پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ چھانے کی توقع ہے اور کچھ مقامات پر ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔بدھ کے روز اسلام آباد اور قریبی علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ صبح اور رات کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ محسوس ہوگا۔خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے خشکی کے زیرِ اثر رہیں گے جبکہ بالائی اضلاع میں سردی کی شدت زیادہ ہوگی۔
پنجاب میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مری، گلیات اور قریبی پہاڑی علاقوں میں موسم مزید سرد رہے گا۔پنجاب کے نشیبی علاقوں میں سموگ برقرار رہنے کا امکان ہے اور رات کے وقت بعض مقامات پر دھند بنتی دکھائی دے سکتی ہے۔ سندھ میں بھی موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ بلوچستان میں بیشتر علاقوں میں خشکی جبکہ شمالی حصوں میں کافی سردی کی توقع ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت بہت کم ہو جائے گا۔آج اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6، لیہہ میں منفی 4، جبکہ بابوسر، گوپس اور گلگت میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔









































