لاہور(این این آئی)پنجاب میں کم سن بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک منگوانے کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس کے بعد انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے بچے کو آزاد کروایا۔چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے سوشل میڈیا پر وائرل کمسن بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک منگوانے کی ویڈیو کا نوٹس لیا، جس پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو گجرانولہ نے بچے کو زنجیروں سے آزاد کروا کر اپنی تحویل میں لے لیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق سوشل میڈیا پر منڈی بہا الدین کے علاقے پھالیہ میں کمسن بچے سے بھیک منگوانے کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں دربار پر ملنگ کمسن بچے کو زنجیروں سے باندھ کر زبردستی بھیک منگوا رہا تھا۔سارہ احمد نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو گجرانولہ نے بچے کو آزاد کروا کر تحویل میں لے لیا ہے اور بچے کو زنجیروں سے باندھ کر بھیک منگوانے والے ملنگ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمسن بچیکو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمسن بچوں پر کسی بھی استحصال، تشدد یا زیادتی کی اطلاع چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر کریں۔