اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سوات: فضاگٹ بائی پاس پر آنے والے تباہ کن سیلاب میں لاپتا ہونے والے نوجوان عبداللہ کی لاش طویل تلاش کے بعد مل گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، متوفی کی لاش دریائے سوات کے علاقے غالیگے سے ملی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق، عبداللہ بیس روز قبل فضاگٹ میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر لاپتا ہو گیا تھا۔ اب اس کی لاش کی برآمدگی کے بعد اس سانحے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے۔یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ ماہ جون میں پیش آیا تھا، جب ایک ہی خاندان کے کئی افراد سیر کے دوران اچانک آنے والے سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔
حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی آٹھ میتیں ان کے آبائی علاقے ڈسکہ روانہ کی گئیں، جہاں کہرام مچ گیا۔جنازوں کے پہنچنے پر علاقے میں غم کی فضا چھا گئی۔ ڈسکہ کلاں، محلہ لاریاں اور محمدپورہ میں تین، تین اور دو میتیں لائی گئیں۔ اہلِ خانہ شدید صدمے کی حالت میں تھے اور بچ جانے والوں سے مل کر زار و قطار رو پڑے۔ یاد رہے کہ اس حادثے میں گیارہ افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔