سوات (این این آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے مدین میں باشیگرام کے مقام پر رات گئے غیرت کے نام پر ایک خاتون اور مرد قتل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق خاتون کے ایک قریبی رشتہ دار کی جانب سے درج کی گئی ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا کہ خاتون کو اس کے شوہر نے قتل کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کو شک تھا کہ اس کی بیوی کے اس شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں، جس پر اس نے دونوں کو قتل کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے پہلے اس شخص پر فائرنگ کی، پھر گھر جا کر اپنی بیوی کو گولی ماری، اور بعد ازاں کلہاڑی سے وار کیے۔ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 302 (اراداتاً قتل) اور 324 (قتل کی کوشش) کے تحت درج کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور وہ اس وقت مفرور ہے۔سوات پولیس کے ترجمان معین علی کے مطابق ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) محمد عمر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی مدین سرکل کو ہدایت کی ہے کہ وہ معاملے کی ہر زاویے سے تفتیش کریں۔