اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں حالیہ مون سون کے موسم نے جہاں موسم خوشگوار کیا، وہیں متعدد جانیں بھی لے گیا۔ 26 جون سے 14 جولائی کے درمیانی عرصے میں شدید بارشوں کے باعث 53 بچوں سمیت مجموعی طور پر 111 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، غیر ملکی خبر رساں ادارے نے یہ اعداد و شمار سرکاری ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ کرنٹ لگنے کے واقعات رہے، جبکہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ پنجاب میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
پنجاب کی پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، صوبے بھر میں مون سون کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 44 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ 134 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق، جاں بحق افراد میں سے 27 افراد بوسیدہ مکانات کے گرنے، 5 افراد آسمانی بجلی گرنے، 4 افراد کو کرنٹ لگنے اور 8 افراد پانی میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے باعث ہلاک ہوئے۔حکام کے مطابق بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔