اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں افسوسناک سڑک حادثے میں ایک باپ اور اس کے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے موٹرسائیکل پر جا رہے تھے۔اطلاعات کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ جی ٹی روڈ پر پنجاب کالج کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر بے قابو ہو کر موٹرسائیکل پر سوار خاندان پر چڑھ دوڑا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ باپ اور تینوں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کی شناخت محمد ندیم، ان کے 10 سالہ بیٹے آریان، 8 سالہ ایان اور 6 سالہ بیٹی عائزہ کے طور پر ہوئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ ٹریلر ڈرائیور کی لاپرواہی اور حد سے زیادہ رفتار کی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے ٹریلر کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔