لاہور( این این آئی) پولیس سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے پروموشن نہ ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور نے اپنے استعفے میں جذباتی جملے تحریر کئے۔عمران کشور 9مئی 2023 کے پرتشدد حملوں کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی خصوصی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ بھی رہے۔
انہوں نے اپنا استعفیٰ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو بھیجا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ میں نے اپنے حلف کی پاسداری غیر متزلزل عزم کے ساتھ کی اور کئی بار ذاتی قیمت چکائی،تاریخ گواہ رہے کہ میں نے عزت کے ساتھ خدمات سرانجام دیں۔میں ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہوں جہاں میرے لئے مزید خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ پولیس سروس آف پاکستان سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔میں خاموشی سے خدمت نہیں کروں گا، براہ کرم میرا استعفیٰ قبول کریں۔عمران کشور اس وقت ڈی آئی جی ایڈمن لاہور کی پوسٹ پر ہیں، ان کا تعلق 33ویں کامن سے ہے۔