اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہیں بڑھوانے کے بعد پی ٹی آئی ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد کمی کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ملازمین کو ملنے والی دیگر مراعات بھی ختم کر دی گئیں جبکہ پیٹرول بھی ختم کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 25سے زائد ملازمین کی تنخواہوں کو کم کیا گیا ہے، تنخواہ کمی کا سامنا کرنے والے پی ٹی آئی کے تمام ملازمین متعدد بار پارٹی کیلئے پابند سلاسل بھی رہے۔
ذرائع ملازمین نے کہا کہ ہمارے اہل خانہ کو بھی پارٹی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہم پارٹی کیساتھ روز اول سے کام کرتے رہے اور ایسے موقع پر ہمارے ساتھ ایسا کرنا نا انصافی ہے۔ملازمین نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے لئے قربانیاں دیں جس کا پھل ہماری تخواہیں کاٹ کر ملا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ میں ملازمین کی تنخواہیں کم کرنے کے حق میں نہیں تھا مگر پارٹی کے اکائونٹس منجمد ہیں، پارٹی کو کرائسز کا سامنا ہے، حالات بہتر ہونے پر ملازمین کی تنخواہیں دوبارہ بڑھائیں گے۔