لاہور ( این این آئی)نامور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے منصورہ میں دورہ تفسیر القرآن کے شرکا سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹر منصورہ میں آ کر مسرت ہوئی۔ دیگر ممالک میں جماعت اسلامی کے دفاتر کا دورہ کیا ہے، لیکن منصورہ میں پہلی دفعہ آنے کا موقع ملا۔
امید کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انھوں نے منصورہ میں مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور دعوت، تعلیم و تحقیق کے میدان میں ہونے والے کاموں کے بارے میں جانا۔ انہوں نے دعا کی کہا کہ اللہ تعالیٰ دین کی دعوت پھیلانے والوں اور جماعت اسلامی کارکنان کو دنیا و آخرت میں بہترین جزا دے۔ انہوں نے کہا کہ دین کا پیغام عام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور یہ ایک عظیم کام ہے جس کا صلہ اللہ تعالیٰ دے گا۔