اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شیخوپورہ میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دورانِ ڈیوٹی واش روم جانے پر درجہ چہارم کے ملازم پر تشدد کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈی سی نے نہ صرف ملازم کو سرعام تھپڑ مارے بلکہ گھونسے اور ٹھڈے بھی رسید کیے، ساتھ ہی پولیس کو حکم دیا کہ اسے گرفتار کر لیا جائے۔
واقعہ رمضان راشن پروگرام کے دوران پیش آیا، جب ڈپٹی کمشنر رش دیکھ کر برہم ہو گئے۔ انہوں نے ایک نوجوان پر بغیر تصدیق کے سخت برہمی کا اظہار کیا، جس پر نوجوان نے وضاحت دی کہ وہ سرکاری ملازم نہیں ہے۔ اسی نام کے دوسرے شخص کو پولیس کے حوالے کیا گیا، مگر اس نے بھی یہی جواب دیا۔
اسی دوران، ذوالفقار نامی درجہ چہارم کا ملازم واش روم سے واپس آیا، جسے دیکھ کر ڈی سی مزید غصے میں آ گئے اور اسے مارنا شروع کر دیا۔ بعد ازاں، جب تصدیق ہوئی کہ وہ واقعی واش روم گیا تھا، تو ملازم کو دوبارہ کام پر لگنے کا حکم دے کر ڈپٹی کمشنر وہاں سے روانہ ہو گئے۔