کراچی(این این آئی) جناح انٹریشنل ائرپورٹ پر اماراتی اور سعودی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ائرپورٹ سکیورٹی فورس نے کراچی ائرپورٹ پر ایک کارروائی کی، جس میں عملے نے دبئی جانے والی پرواز پر ایک مسافر سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
دبئی کی پرواز کے ایک مسافر محمد احمد الیاس کے سامان میں غیر ملکی کرنسی کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ، جس پر تلاشی لی گئی تو بیگ میں سے 17 ملین روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔غیر ملکی کرنسی میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زیادہ یو اے ای درہم اور سعودی ریال شامل تھے۔ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کے ساتھ کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔