اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے آئینی ترامیم کے خلاف بھرپور مزاحمت کرنے اور (کل)جمعے کو ملک گیر سطح پر شدید احتجاج کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہوا جس میں آئینی ترامیم کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق آئین میں ترمیم اور بانی چیئرمین عمران خان کو بدترین سلوک کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف جمعتہ المبارک کو ملک گیر سطح پر شدید احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا۔اسی کے ساتھ تمام ریجنل اور مقامی تنظیموں کو ضلعی ہیڈکوارٹرز کے باہر نماز جمعہ کے بعد پرامن اور بھرپور احتجاج کی ہدایت کی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ آئینی ترمیم کے ذریعے دستور کو مسخ کرنے کی حکومتی کوشش کو کسی طور پر قبول نہیں کی جائے گی۔
آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے تمام طبقات پرامن احتجاج میں شرکت کریں۔اجلاس میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں ترمیم کا راستہ روکنے کیلئے بھی ہر ممکن کوشش پر اتفاق کیا گیا جبکہ سیاسی کمیٹی نے عمران خان کے بنیادی حقوق کی اور ان کے اہلِ خانہ، وکلا اور تحریکی قائدین کی رسائی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔اس کے علاوہ عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم، انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ، اعظم سواتی اور تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سمیت تمام گرفتار قائدین، کارکنان اور اراکینِ پارلیمان کی فوری رہائی پر بھی زور دیا۔