گوجرانوالہ (این این آئی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے ذوالفقار بھنڈر کامیاب ہوگئے۔ریٹرننگ آفیسر شبیر حسین بٹ کے مطابق ذوالفقار بھنڈر نے 95 ہزار 604 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ احسان ورک 92 ہزار 581 ووٹ حاصل کر سکے۔ذوالفقار بھنڈر کی کامیابی پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے جشن منایا گیا اور آتش بازی بھی کی گئی۔واضح رہے عام انتخابات میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ احسان ورک ایک لاکھ 4 ہزار 23 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ن لیگ کے ذوالفقاربھنڈر کو 99 ہزار 635 ووٹ ملے تھے۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کمیشن نے این اے 79 پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا، ووٹوں کی دوبارہ گنتی قائداعظم ڈویڑنل پبلک اسکول میں ہوئی، دونوں امیدواروں کے حامی ڈی پی ایس اسکول کے باہر موجود رہے اور اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔عام انتخابات میں این اے 79 سے آزاد امیدوار احسان ورک اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ذوالفقار بھنڈر کی جیت کے درمیان 4 ہزار388 ووٹوں کا فرق تھا، ذوالفقار بھنڈر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا۔