لاہور( این این آئی)لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی نجی سکیورٹی کمپنی کے مالک کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق نجی سکیورٹی کمپنی کا مالک غلام رسول گاڑی میں اپنے دفتر کی پارکنگ میں پہنچا، وہ کار کی ڈِگی سے سامان نکال رہا تھا کہ سکیورٹی گارڈ مدنی جلیل نے اس پر فائرنگ کر دی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم مقتول کے قریب آ کر اس کے سر میں بھی گولی مار دیتا ہے۔واقعے کے بعد ماکیٹ کے لوگ جمع ہو گئے، جنہوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ مالک ملازمین پر سختی کرتا تھا، اس لیے اسے قتل کیا۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔