ٹنڈوالہیار (این این آئی)سندھ کے ایک پرائمری اسکول کے استاد کی تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے جس میں استاد کو فرض شناسی پر سراہا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک استاد بچوں کو امتحانی پرچے بانٹ رہا ہے جبکہ اس دوران یہ استاد سندھ کے روایتی دولہے کی طرح تیار ہے۔
مذکورہ استاد نے سر پر سفید اور سرخ رنگ کا دوپٹہ اوڑھا ہوا ہے اور ساتھ میں سہرا بھی باندھا ہوا ہے۔اس وائرل ویڈیو سے متعلق متعدد سوشل میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ یہ سندھ کے تعلقہ چمبڑ، ضلع ٹنڈوالہ یار کے پرائمری اسکول کا استاد ہے جو اپنی شادی کی تقریب چھوڑ کر بچوں کا امتحان لینے کے لیے اسکول پہنچا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق استاد کا نام شیراز رسول خاصخیلی ہے جن کا اپنی شادی والے دن بھی ڈیوٹی انجام دینے سے متعلق کہنا ہے کہ طلبہ کے امتحانات ہیں، اس لیے اپنی بارات چھوڑ کر اسکول پہنچا ہوں۔