کراچی(این این آئی)مسلم لیگ( ن) نے سندھ میں سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں، لغاری خاندان نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پورے پاکستان میں بالخصوص سندھ میں سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں اور قیادت کی جانب سے دیگر جماعتوں کے رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان ملاقاتوں میں رہنمائوں کو ن لیگ میں شمولیت کی دعوتیں بھی دی جارہی ہیں۔سندھ سے تعلق رکھنے والے لغاری خاندان نے ن لیگ میں شمولیت اختیارکرلی ہے، لغاری سردار نے ن لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی، ملاقات میں مختلف ن لیگ رہنما بھی موجود تھے، لغاری خاندان کا ماضی میں دادو کی سیاست اہم کردار رہا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کراچی میں انڑ ہائوس آئے جہاں ان کی غلام رسول انڑ اور پی ٹی آئی نوابشاہ کے صدر امام علی انڑ سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ میں موجودہ سیاسی صورتحال اور عام انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ ن لیگ کے رہنماں نے انڑ فیملی کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔ن لیگ کے رہنما بشیر میمن نے بتایا کہ انڑ فیملی نے ہمیں ملاقات میں مثبت جواب دیا ہے۔