لاہور( این این آئی)پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع ہونے سے قبل ہی 11 ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کی تفصیلات جمع کی گئیں۔پاکستان ریلوے نے اپنے جواب میں کہا کہ منصوبے کی لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں تاہم اس دوران معیار اور سیفٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا۔سینیٹ کو بتایا گیا کہ لاگت میں کمی کے لئے ڈیزائن کی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ جون 2023ء میں کیا گیا، منصوبےآغاز کے لئے چین کی نیشنل ریلوے سے اجازت کی درخواست کر رکھی ہے۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ این آراے سے پہلے مرحلے کے لئے بولی کے عمل کے آغاز کی اجازت طلب کی ہے، ایم ایل ون منصوبہ 9ارب 85کروڑ ڈالر کی لاگت سے 9سال میں مکمل ہوگا جسے مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔منصوبے کا تاحال باضابطہ آغاز نہیں ہوا مگر اس کے باوجود منصوبے پر 11ارب روپے سے زائد خرچ ہو چکے، ابتدائی ڈیزائن پر 10ارب 64کروڑ اور فیزیبیلٹی اسٹڈی پر 39کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔