کراچی(این این آئی)ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کراچی نے ایک کارروائی میں بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرکے متعدد پاسپورٹس برآمد کرلیے۔ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم شیخ کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈائون جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر چھاپا مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا۔
ملزم منصور علی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس سے گرفتار کیا گیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم انسانی اسمگلنگ کے گھنانے جرم میں ملوث تھا، جو بغیر لائسنس سادہ لوح شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کی آڑ میں پاسپورٹس وصول کر رہا تھا۔ ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے متعدد پاسپورٹس برآمد کر لیے گئے۔ملزم سے متعدد فارمز، چیک بکس، اسٹمپس اور دیگر سفری دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔