لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر سے ملاقات کر کے شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ اس سلسلہ میں کھوکھر پیلس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لیگی رہنما اور علاقے کے اکابرین بھی موجود تھے۔ سیف الملوک کھوکھر نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا جوق در جوق شامل ہونا مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی مدبرانہ اور دور اندیش قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک فتنے نے نہ صرف ملک کی سیاست کو زہر آلود کیا بلکہ نوجوان نسل کے ذہنوں میں زہر بھرا جس کا نتیجہ ملک کی سیاست میں تلخی کی صورت میں سامنے آیا ، ساری قوم کا مطالبہ ہے کہ ملک کی سلامتی کے اداروں پر حملہ آور ہونے والے فتنے کو قانون کے تحت منطقی انجام تک پہنچایاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی فلاح و بہبود کا نام ہے لیکن تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والی ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے صرف اپنی اور اپنے حواریوں کی فلاح و بہبود کا سوچا ۔
انہوںنے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھرپور اتحاد کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرانا ہے ،نواز شریف کوملک و قوم کی ترقی کاضامن سمجھا جاتا ہے اور ان شااللہ وہ اس بار بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نامور سیاسی شخصیات اور نوجوان مسلم لیگ (ن) کے قافلے کا حصہ بننا چاہتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر ملک کو موجودہ بحرانوں سے کوئی شخص باہر نکا ل سکتا ہے تو وہ صرف نواز شریف ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جو سیاست کو عبادت سمجھتی ہے ،ہم اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں اور آنے والے انتخابات کے تیار ہیں ۔