اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کہ اے این پی کی خواہش پر کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ہو سکتا ہے لیکن پیپلز پارٹی کراچی میں اے این پی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی آفر نہیں کرے گی، کراچی میں ن لیگ، ایم کیو ایم کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو خطرہ نہیں۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کراچی میں کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی، انتخابی اتحاد کرنے پر پیپلز پارٹی کو ووٹ تقسیم ہونے کا خدشہ ہے اس بنا پر پارٹی نے کسی بھی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی میں مختلف حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ممکن ہے، پیپلز پارٹی کراچی میں اے این پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی کی خواہش پر کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور ہو سکتا ہے لیکن پیپلز پارٹی کراچی میں اے این پی کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی آفر نہیں کرے گی۔
پی پی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں ن لیگ، ایم کیو ایم کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو خطرہ نہیں، سندھ میں ایم کیو ایم کا ن لیگ سے انتخابی اتحاد پانی کا بلبلہ ہے، کراچی میں ن لیگ کا قابل ذکر ووٹ بینک نہیں ہے، اس لیے ن لیگ کراچی یا سندھ کی کسی سیٹ پر پیپلز پارٹی کیلئے نقصان دہ نہیں، ن لیگ کسی نشست پر ایم کیو ایم کو جتوانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، کراچی میں پی پی، ایم کیو ایم کے بعد اے این پی کا ووٹ اہمیت رکھتا ہے۔ پی پی ذرائع کا مزید کہناتھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس کراچی کے تمام حلقوں پر امیدوار موجود ہیں، پی پی کی اے این پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ایم کیو ایم کیلئے نقصان دہ ہوگی۔