مریدکے( این این آئی)معروف سماجی و سیاسی رہنما چودھری محمد ارشد ورک برادران کے ”حاجی محمد یونس ٹرسٹ”نے غریب اور نادار والدین پر بیٹیوں کے جہیز کا بوجھ اتارنے کے لیے حسب روائت رواں سال بھی55نادار لڑکیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا اہتما م کیا جس میں سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، سابق ایم پی اے پیر اشرف رسول، سابق چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ انجینئر رانا احمد عتیق انور، سابق چیئرمین بلدیہ مریدکے میاں شبیر احمد، وائس چیئرمین رانا ماجد نواز، یوتھ ونگ رہنما رانا کاشف الرحمن، فیروزوالہ بار کے سابق سیکرٹری اورنگزیب ریحان سمیت ضلع بھر کی اہم سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
گورنمنٹ علی عباس شہید ہائر سیکنڈری سکول مریدکے کے ہاکی گرائونڈ میں سجائے جانے والی پنڈال میں باراتوں اور مہمانوں کے لیے الگ الگ ہال سجائے گئے۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے اپنے ہاتھوں سے تمام دلہنوں کو انگوٹھی اور قرآن مجید کے تحائف پیش کئے۔ تمام دلہنوں کو ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد مالیت کا جہیز کا مکمل سامان فراہم کیا گیا جبکہ باراتیوں سمیت تین ہزار سے زائد مہمانوں کے لیے شاندار طعام کا بھی انتظام کیا گیا۔
عوامی ایم پی اے چودھری محمد ارشد ورک نے ہر بارات کا خود استقبال کیا اور مہمانوں کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے ہر دلعزیز رہنما چودھری انعام اللہ ورک، حاجی سلیم بھٹی اور محمد گلفام وغیر پر مشتمل ٹیم نے شاندار تقریب کا اہتمام کرکے انسانیت کی خدمت کی عظیم مثال قائم کی ہے۔