اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وکیل آفتاب باجوہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سلو پوائزن دیے جانے سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا۔گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے وکلا نے ملاقات کی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب باجوہ نے کہاکہ عمران خان نے وکلا کو بتایا کہ انہیں سابق وزیراعظم والی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں، انہیں گھر کا کھانا نہیں دیا جاتا، انہیں سلو پوائزن دیا جا رہا ہے۔آفتاب باجوہ نے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا معائنہ کرے۔
بعد ازاں انہوں نے ایک اور ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے پہلے دیے گئے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وکلا سے ملاقات کے دوران 4 سے 5 مرتبہ سلو پوائزنگ کی بات کی لیکن مجھے سمجھنے میں غلطی ہوئی، وہ (عمران خان)یہ کہہ رہے تھے کہ مجھے سلو پوائزنگ دی جا سکتی ہے اور اس کی کوشش بھی ہو رہی ہے۔آفتاب باجوہ نے کہاکہ عمران خان نے سلو پوائزنگ کے خطرے کا اظہار کیا تھا لہذا میں اپنے پہلے بیان کو درست کر رہا ہوں کہ پہلے میں نے یہ کہا تھا کہ وہ مجھے سلو پوائزن دے رہے ہیں لیکن انہوں نے یہ کہا تھا کہ مجھے سلو پوائزن دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔