لاہور ( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی نے لاہور کی مقامی عدالت میں سیشن جج عمران عابد کے روبرو اپنے بیان میں کہا ہے کہ چھ ماہ سے میں ان کے جھوٹے کیسوں کا سامنا کر رہا ہوں، ساری زندگی میں نے یا میرے خاندان نے کبھی اس طرح کے غلط کام نہیں کیے، میں اللہ کے فضل سے ایک دمڑی کا روادار نہیں، یہ شہبازشریف والی دمڑی نہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے معزز عدالت کو بتایا کہ رات کو ایک بندہ میرے پاس آتا ہے اور کہتا ہے کہ آپ سے 41 لاکھ روپے کی ریکوری کی ہے،
میں آپ کے سامنے حلفاً اقرار کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ سے کوئی ریکوری نہیں کی، میں ساری رات ان کے پاس رہا ایک سیکنڈ کیلئے بھی باہر نہیں گیا، اگر میں اس طرح کے کام کرتا ہوتا تو میں آج اس مقام پر نہ ہوتا، میری 77 سال عمر ہے، یہ صرف اپنی نوکریاں پکی کرنے کیلئے مجھ پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم عدلیہ اور دیگر اداروں کا احترام کرنے والے ہیں، میں اڈیالہ جیل سمیت دیگر جیلوں میں رہ چکا ہوں انہوں نے مجھ پر ظلم کی انتہا کر دی ہے، میں نوکریاں دینے والا ہوں، 1122 جیسے ادارے بنانے والا ہوں مجھے اس طرح کے غلط کام کرنے کی کیا ضرورت ہے۔