لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف بلاشبہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوارہوں گے، ان کی مشکلات بھی آہستہ آہستہ دور ہوجائیں گی،الیکشن کمیشن آئندہ ماہ کے شروع میں انتخابات کی تاریخ دے سکتا ہے، الیکشن کے فوری بعد ایک گرینڈڈائیلاگ ضرور ہونا چاہیے۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجربات کرنے والے اب تاریخ کاحصہ بن گئے ہیں، نوازشریف کے ساتھ جوکچھ ہوااب اس کاازالہ ہورہا ہے،نواز شریف کو عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے، دیگرمشکلات بھی آہستہ آہستہ دور ہوجائیں گی اور وہ بلا شبہ ہمارے وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے ۔
انتخابات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن حل ہے گومگوکی کیفیت ختم ہو جائے گی ،کسی کے پاس اقتدار آجاتا ہے کسی سے چھن جاتا ہے یہ سیاسی عمل کاحصہ ہے، الیکشن کے قریب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف بیانات دیتی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کوموقع دیاگیاوہ فیل ہو گیا توذمہ داری بھی اس کی بنتی ہے، مطلب جوچیئرمین پی ٹی آئی کو الے کر آئے ان کی ججمنٹ غلط ثابت ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف نے سیاسی جماعتوں کوبھی بات کرنے کی دعوت دی ہے، نوازشریف کی تقریرکے تناظرمیں سب کورائٹ سائیڈ پر ہونا چاہیے، سب رائٹ سائیڈ پر ہوں تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 2نومبرکو الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے سکتا ہے، الیکشن کے فوری بعد ایک گرینڈڈائیلاگ ضرور ہونا چاہیے۔نیب سے متعلق سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نیب نے کوئی نتائج نہیں دیئے،نیب سے متعلق اتفاق رائے ضروری ہے، نیب احتساب کاادارہ نہیں ،سیاسی انجینئرنگ کاادارہ ہے۔