کراچی(این این آئی)کراچی میں گزشتہ روز شادمان ٹائون میں بینک ڈکیتی میں ملوث 5 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے لوٹے گئے 87 لاکھ میں سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔کراچی کے علاقے شادمان ٹائون میں نجی بینک میں ڈکیتی کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان سے 87 لاکھ روپے میں سے 80 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے، ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، 2 موٹرسائیکل، بینک کے گارڈز سے چھینا ہوا اسلحہ، کپڑے، ٹوپی، ماسک اور دیگر اشیا بھی برآمد کرلی گئیں۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں اسحاق، صدیق، عبد الغفار ، منصور اور عمران شامل ہیں۔ملزمان گارڈز کی غفلت اور چیکنگ نہ کرنے کی وجہ سے اسلحہ لے کر بینک میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، ملزمان اس سے قبل سنگین مقدمات میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔آئی جی سندھ نے اہم کیس کو حل کرنے اور بینک سے لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی پر ایس ایس ڈسٹرکٹ سینٹرل اور پوری ٹیم کو شاباشی دی۔آئی جی سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔