کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے گذری میں پولیس نے ڈانس پارٹی پر چھاپہ مارا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پولیس حکام کے مطابق 13 اکتوبر کی رات منعقد کی گئی ڈانس پارٹی پر رات گئے چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے کچھ گھنٹے بعد مقدمہ درج کرکے 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ڈانس پارٹی کی جگہ سے شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں، بنگلے اور سائونڈ سسٹم کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈانس پارٹی میں شامل متعدد لڑکے اور لڑکیوں کو تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا۔واقعے کا مقدمہ تھانہ گزری میں سائونڈ ایکٹ،منشیات، دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا، ذرائع کا بتانا ہے کہ منتظمین نے پولیس، ضلعی انتظامیہ سے باقاعدہ تقریب کی اجازت لی تھی۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس نے اجازت دینے کے بعد بھی چھاپہ مارا تھا۔دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ تقریب کی اجازت دی تھی منشیات، شراب نوشی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔