جیکب آباد (این این آئی) سندھ اور بلوچستان کے اہم سیاستدانوں کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان، محمد میاں سومرو اور سردار یار محمد رند کے نام گردش کرنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد سندھ اور بلوچستان کے اہم سیاستدانوں کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، خصوصاً سندھ سے تعلق رکھنے والے سابق نگران وزیر اعظم و سابق وفاقی وزیر محمد میاں سومرو اور بلوچستان سے سابق وفاقی وزیر و سینئر سیاستدان سردار یار محمد رند کے نام مسلم لیگ ن میں شمولیت کے لیے گردش کررہے ہیں ، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے دونوں اہم شخصیات کے علاوہ سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اہم سیاستدانوں سے رابطے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد میاں نواز شریف کی موجودگی میں اہم سیاستدان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ محمد میاں سومرو تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر اور سردار یار محمد رند تحریک انصاف صوبہ بلوچستان کے صدر اور بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر تھے لیکن دونوں سیاستدانوں نے تحریک انصاف سے باضابطہ علیحدگی کا اعلان تو نہیں کیا لیکن بظاہر دونوں رہنماؤں نے تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں جبکہ محمد میاں سومرو اور سردار یار محمد رند آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کرچکے ہیں۔