راولپنڈی (این این آئی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ تعلیم کوئی آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہے، طلبا کی زندگی میں آج کا دن ایک نئے باب کا آغاز ہے۔جنرل عاصم منیر نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے سالانہ کانووکیشن کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو میڈلز سے نوازا اور گریجویٹس کو دلی مبارکباد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ طلبا پر فرض ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کا حل تلاش کریں۔ نسٹ قوم کے بہترین معمار تیار کر رہی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانووکیشن ویک میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی طلبا نے ڈگریاں حاصل کیں۔آرمی چیف نے گریجویٹ ہونے والے طلبا والدین اور فیکلٹی کو مبارکباد دی۔آرمی چیف نے تعلیم کے فروغ کیلئے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانووکیشن میں 7 بنیادی مضامین میں 3500 سے زائد گریجویٹس کو ڈگریاں دی جارہی ہیں۔