اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہا، اس دوران بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔میٹ آفس کے مطابق سب سے زیادہ بارش کاکول 11، مالم جبہ 9، پشاور (ایئرپورٹ 4، سٹی ایک)، بنوں 4، باچا خان ایئرپورٹ، چراٹ ، بالاکوٹ 3، دیر (زیریں 2)، سیدو شریف، مردان ایک، مری 11، خانپور 5، ملتان (سٹی 4، ایئرپورٹ 2)، جہلم، کوٹ ادو 4، بھکر، ڈی جی خان 2، راولپنڈی (شمس آباد، چکلالہ 2، کچہری ایک)، اسلام آباد (بوکرا، ایئرپورٹ ایک)، لیہ، خانیوال، منڈی بہائوالدین، منگلا ایک، گڑھی دوپٹہ 8، راولاکوٹ 6، مظفر آباد (سٹی 4، ایئرپورٹ 3)، پسنی 7، لسبیلہ 3 اور ڑوب میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔اتوار کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 3 ، اسکردو صفر اور کالام میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔