اسلام آباد (این این آئی)آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر ڑالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس دوران کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا ہے۔
جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق دادو اور شہید بینظیرآ باد میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ جمعہ کی رات سے منگل کے دوران تیز ، موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں اضافہ اور کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔