کراچی (این این آئی) طیاروں کے ذریعے کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کسٹمز نے خصوصی تربیت یافتہ کتوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔کسٹمز ذرائع کے مطابق پاکستان کے تمام بڑے ایئر پورٹس پر کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کے لیے تربیت یافتہ کتوں سے مدد لی جا رہی ہے۔کارگو اور مسافروں کے سامان میں کرنسی کی نشان دہی کے لیے کتوں کی خصوصی تربیت کی گئی ہے، طیاروں کے خفیہ حصوں میں چھپی کرنسی کا پتا لگانے کے لیے کتوں کے ذریعے طیاروں کے اندر بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالرز اور دیگر کرنسی اسمگلنگ روکنے کے لیے تمام ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کی بین الاقوامی پروازوں کی خصوصی جانچ کی جا رہی ہے، اور کسٹمز ہر ممکن ذریعہ استعمال کر رہا ہے۔
کسٹمز ذرائع نے بتایا کہ کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کے سلسلے میں کتوں کی کارکردگی شان دار ہے، کسٹمز کے K9 یونٹ میں کرنسی، بارود اور منشیات کا پتا لگانے کے لیے تربیت یافتہ کتوں کے الگ الگ اسکواڈ موجود ہیں۔ کتوں کی مدد سے کراچی اور دیگر ایئر پورٹس پر طیاروں کی چیکنگ کی فوٹیجز بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔کراچی میں طیاروں کی چیکنگ کے لیے کسٹم کے پاس 10 تربیت یافتہ کتے دستیاب ہیں جو کرنسی، منشیات اور دھماکا خیز مواد کی تلاش کرتے ہیں، ذرائع کا دعوی ہے کہ ماضی میں بھی K 9 یونٹ کے کتوں کی مدد سے مختلف ایئر لائنز کے طیاروں میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔