اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ نے شوہر کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائی جس میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت قانون کے سیکرٹریز، آئی جی جیل خانہ جات، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، ڈی جی انٹیلی جنس بیورو اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں خوراک کے ذریعے زہر دیا جاسکتا ہے اس لیے خدشہ ہے میرے شوہر کو جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا کہ میرے شوہرکو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات نہیں دی جارہیں جس کے وہ حقدار ہیں، شوہرکے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور 14کی خلاف ورزی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک اور ایکسرسائز کی سہولت فراہم کی جائے، انہیں گھر کے کھانے کی اجازت بھی نہیں دی گئی، جیسا ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کویقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں، ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ملاوٹ زدہ خوراک شوہرکی زندگی کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی انڈر ٹرائل قیدی ہیں اور ملزم جرم ثابت ہونے تک بے قصوریام عصوم تصور ہوتا ہے لہٰذا جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا جائے۔