اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف اور اْن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت میں پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے پیشی سے معذرت کر لی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح کیس کی سول جج قدرت اللّٰہ نے سماعت کی۔
دورانٍ سماعت عدالت میں پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے معاون پیش ہوئے جن کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے سے متعلق درخواست دائر کی گئی۔پراسیکیوٹر رضوان عباسی کے معاون نے عدالت سے استدعا کی کہ پراسیکیوٹر رضوان عباسی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔
دوسری جانب سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کا خط بھی سول جج قدرت اللّٰہ کو موصول ہو گیا۔سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل نے خط کے ذریعے چئیرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں لانے سے معذرت کر لی۔سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کا عدالت کو لکھے گئے خط میں کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث عدالت نہیں لا سکتے۔