اسلام آباد (این این آئی)پارٹی کا نام چوری کرنے کا معاملہ الیکشن کمیشن بھی پہنچ گیا،استحکام پاکستان تحریک کے صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی گئی۔استحکام پاکستان تحریک کے صدر احمد کلیم اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ الیکشن کمیشن پہنچے۔
دائر درخواست میں کہاگیاکہ الیکشن کمیشن میں پہلے سے رجسرڈ پارٹی کے نام پر دوسری پارٹی کا قیام عمل میں لانا الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ الیکشن کمیشن استحکام پاکستان پارٹی کو کسی بھی پلیٹ فارم پر ہماری پارٹی کا نام اور منشور استعمال کرنے سے روکے،ہم اپنی پارٹی کے نام سے صوبائی اور ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم چلا چکے ہیں،استحکام پاکستان تحریک کی جانب سے گزشتہ روز استحکام پاکستان پارٹی کو لیگل نوٹس بھی بھجوایا گیا تھا،لیگل نوٹس پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین اور صدر علیم خان کو بھجوایا گیا۔
استحکام پاکستان تحریک کے صدر احمد کلیم اور نائب صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن ایکٹ کیمطابق پارٹی ناموں میں واضح فرق ہونا چاہیے،ہم نے اپنی پٹیشن میں یہ موقف اختیار کیا کہ وہ اپنی پارٹی کا کوئی اور نام تجویر کریں،جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ کی جانب سے سیاست میں حصہ لینے سے منع کیا گیا ہے،ایسا کیسے ممکن ہے کہ وہ کسی اور سیاسی پارٹی کے نام اور منشور کے ساتھ آئیں۔