اسلام آباد (این این آئی)ایف بی آرنے غیر ملکی دورے کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ڈیجیٹل سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع کرانے کا اختیار صوبوں سے واپس لیے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال 2023-24کے بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں، بجٹ میں غیر ملکی دورے کرنے والے فائلرز و نان فائلرز کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز آگئی۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق غیر ملکی دورے کرنے والے نان فائلز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، فائلر کے مقابلے میں نان فائلز انٹر نیشنل وزیٹرز پر زیادہ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ بزنس اور کلب کلاس کے انٹرنیشنل ائیرٹکٹس پر پہلے ہی ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع کرانے کا اختیار صوبوں سے واپس لینے کا بھی امکان ہے۔
ریورس چارج میکانزم ایک پیچیدہ نظام ہے جس سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) چوری کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ڈیجیٹل سروسز پر ود ہولڈرز ایف ای ڈی سے بچنے کیلئے خود کو آخری صارف نہیں سمجھتے۔ذرائع کے مطابق ملٹی نیشنل کارپوریشنز پاکستان میں ٹیکس سے بچنے کیلئے پیچیدہ ڈھانچے کا استعمال کرتی ہیں، ایف ای ڈی وصولی کے اختیار سے وفاقی حکومت ان کارپوریشنز پر ٹیکس لگانے کے قابل ہوگی۔