لاہور ( این این آئی) جناح ہائوس پر حملے جلائو گھیرائو اورتوڑ پھوڑکے مقدمہ میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ،اوراب بڑے بھائی کے بعد میاں اسلم اقبال کے بھتیجے حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنمامیاں اسلم اقبال کے بھتیجے حمزہ کی لوکیشن نو مئی کو جناح ہائوس پر آئی ،اس کے موبائل سے جوئے کی بک کا ریکارڈ بھی ملا۔پولیس کا کہنا تھا کہ میاں حمزہ اور میاں اکرم کی نشاندہی پر میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک بھر میںجلائوگھیرائو شروع کردیا۔اس دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے سول اور عسکری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایا، جن کیخلاف انسداد دہشت گردی، آرمی ایکٹ اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔