کوئٹہ/کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے جھالاوان ہاؤس کراچی میں سیاسی رہنماء سابق سنیٹر میر خالد خان بزنجو نے ملاقات کی،ملاقات میں جھالاوان کی سیاست باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق سنیٹر میر خالد خان بزنجو نے سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو آگاہ کیا کہ میں اپنے ہزاروں سپورٹرز کے ہمراہ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا ہے ہم آپ کی قیادت میں جھالاوان کی سرزمین پر ایک بڑے جلسہ عام کے ذریعہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے نئے سیاسی سفر کا آغاز کریں گے۔چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے میر خالدخان بزنجوکی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ایک دانش مندانہ فیصلہ ہے ،جھالاوان کی سیاست پر اس فیصلہ کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ،بلوچستان کے قبائلی وسیاسی عمائدین اور سیاسی ورکرز کی پاکستان پیپلز پارٹی میں جوق در جوق شمولیت خوش آئند ہے ،بلوچستان کے عوام کو یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ان کی دکھوں کا مداوا صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ممکن ہے۔نواب ثناء اللہ خان نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو جذباتی نعروں سے وغلایا نہیں جاسکتا ،اب عوام با شعور ہو چکے ہیں۔اس موقع پر میرعبدالنبی زہری بھی موجود تھے۔