کراچی(این این آئی)شہر قائد میں تھنڈر سیل بننے کی صورت میں گرد آلود ہوائوں کے امکانات ہیں، جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں زبردست بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وسطی اور بالائی بلوچستان، پنجاب اور بالائی اور مشرقی سندھ کے حصوں میں طاقت ور مغربی سسٹم کے زیر اثر بادل بن رہے ہیں جس کی وجہ سے زبردست بارشیں متوقع ہیں۔
جب کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں تھنڈرسیل بننے کی صورت میں گرد آلود ہوائوں کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وسطی اور بالائی بلوچستان پر طاقت ور مغربی نظام کے زیر اثر بادل بن رہے ہیں، یہ بادل پنجاب، بالائی اور مشرقی سندھ کے بڑے حصے پر بھی بن رہے ہیں، جس کی وجہ سے آج موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔موسمیات نے سکھر، پنوعاقل، شکار پور، گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، میرپور ماتھیلو، ، اوباڑو، خضدار، سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، کوہلو، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بانواول، میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، فیصل آباد، پشاور میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری طرف کراچی سمیت سندھ، بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم سے کراچی میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم شہر کے مضافات سپر ہائی وے پر بارش ہو سکتی ہے، شہر کے قریب اگر بادل بنے تو شہر میں بوندا باندی کا امکان ہے، مجموعی طور پر شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 تا 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فی صد ہے، اور شہر میں 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی ہوا چل رہی ہے، آج مطلع صاف رہے گا۔