کراچی(این این آئی)موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے 27 یا 28 اپریل سے ملک میں بارشوں کے طاقتور سسٹم کے اثر انداز ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق آئندہ کچھ دن ملک کے بیشترمقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا، اسی وجہ سے پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جب کہ اس دوران درجہ حرارت 40 سے 44ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
جواد میمن نے بتایا کہ چند روز گرمی رہنے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ جانے کا امکان ہے کیونکہ ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں جبکہ27 یا 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتور اورطویل سسٹم ملک پراثراندازہوسکتا ہے جو 6 یا 7 مئی تک ملک پر اثرانداز رہیگا۔انہوں نے کہا کہ ایران کے قریب بحیرہ عرب میں سرکولیشن بھی بنی ہوئی ہے جس کے باعث سندھ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اچھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اس سسٹم کی وجہ سے سندھ میں کہیں تیزکہیں موسلادھاربارش اور کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تھنڈر اسٹورم بننے پر آندھی اوربجلی گرنیکا بھی خدشہ رہے گا۔موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں 28 اپریل کی رات سے اس سسٹم کے اثرانداز ہونیکا امکان ہے، مئی کے پہلے ہفتے میں اس سسٹم کی شدت زائد رہ سکتی ہے، کراچی میں کہیں ہلکی کہیں تیز اور چندمقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں اس سسٹم کے زیراثربارش کا امکان ہے، صوبے کے مختلف مقامات پرآندھی اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے، اس کے علاوہ پنجاب کے 90 فیصد علاقوں میں کہیں تیز، کہیں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے 80 سے90 فیصد علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کاخطرہ ہے۔