لاہو ر(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔تحریک انصاف کے رہنما کے خلاف یہ مقدمہ پولیس افسر عدیل شوکت کی مدعیت میں تھانہ فیروز والا میں درج کیا گیا ہے جس میں فرخ حبیب سمیت آٹھ سے دس نامعلوم مسلح افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ میں ڈکیتی، کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں درج ہے کہ ملزمان نے سرکاری اسلحہ، سرکاری گاڑی اور وائرلیس چھینا، ملزمان کالا شاہ کاکو ٹول پلازا پر گاڑیاں روک کر ہمارے ساتھ ڈکیتی کرنے لگے تھے، ملزمان نے گرفتار ملزم فواد چوہدری کو چھڑانے کی کوشش کی۔دریں اثنا فرخ حبیب نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ درجنوں بندوقوں والے تربیت یافتہ پولیس والوں سے نہتے اکیلے فرخ حبیب نے ڈکیتی کرلی اور ان کی وردیاں بھی پھاڑ دیں، ایف آئی آر کا متن ویسے بہت ہی ماٹھی کہانی بنائی گئی ہے میں نے تو ویسے بغیر نمبر پلیٹ کالی ویگو کو روکا تھا عدالتی احکامات بتانے کے لیے یہ پولیس کے ساتھ ڈکیتی کہاں سے آگئی؟۔بعد ازاں فرخ حبیب نے فیروز والا کی عدالت سے ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور کرالی جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بھی کی۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی بوگس ایف آئی آر میں عبوری ضمانت منظور ہوگئی ہے، جعلی مقدمات ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔