لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اپنے اوپر تشدد اور بے لباس کرنے پر معاف کرتا ہوں مگر میاں بیوی کی ویڈیو لیک معاملے پر معاف نہیں کر سکتا ، تمہارا حساب کتاب ہوگا،حقیقی آزادی مارچ کامیاب ہوگا اور
عمران خان پر قاتلانہ حملے کا بھی حساب کتاب دینا پڑے گا۔ انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیکھ لیں پاکستان کس طرف جا رہا ،قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ملک کی معیشت کو 13 پارٹیاں کہاں تک لے گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خاوند اور بیوی کی تقدس کو پامال کیا جائے اور ویڈیو بنائی جائے تو اسے کون معاف کر سکتا ہے ، میں پوچھتا ہوں کہ تم کون سی نسل کے ہو،عدالت عظمی کے تین ٹیسٹ کیس ہیں،تشدد اور بے لباس کرنے پر معاف کرتا ہوں لیکن خاوند اور بیوی کے معاملے پر معاف نہیں کر سکتا ،تمہارا حساب کتاب ہوگا۔سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ ارشد شریف کا کیس کوئی چھوٹا نہیں،عمران خان پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا حساب کتاب دینا پڑے گا،پاکستان کے لوگوں گھر سے نکلو۔انہوں نے کہا کہ عوام قرضے میں ڈوبے ہیں اور یہ پی ٹی آئی کا مسئلہ نہیں بلکہ ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے ۔حقیقی آزادی مارچ کامیاب ہوگا اور پاکستان بھر سے لوگ تحریک میں حصہ لینے کے لیے نکل چکے ہیں۔