لاہور (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بابراعظم کو ٹی ٹونٹی میں اپنی کپتانی کے حوالے سے نظرثانی کرنی چاہیے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں بابراعظم کے کراچی کنگز کی مینجمنٹ کے
ساتھ کچھ اختلافات تھے اس لیے انہوں نے خیرباد کہا، مجھے لگتا ہے بابراعظم کو کپتانی کے حوالے سے نظرثانی کرنی چاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ بابراعظم کی بطور بیٹسمین بہت عزت کرتا ہوں، اس لیے چاہتا ہوں کہ ان پر کم سے کم پریشر ہو، ہمارے پاس ٹی ٹونٹی میں کپتانی کیلئے شان مسعود، شاداب خان اور محمد رضوان جیسے پلئیرز موجود ہیں انہیں موقع دینے کی ضرورت ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ بابر کو اپنی بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے، ٹیسٹ اور ون ڈے میں ٹیم کو لیڈ کرے لیکن ٹی ٹونٹی میں یہ ذمہ داری کسی اور کو سونپ دے۔دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے جبکہ شعیب ملک کی کراچی کنگز میں واپسی ہوئی ہے۔قبل ازیں وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے ویڈیو پیغام میں پشاور زلمی کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں جو ٹیم مجھے منتخب کرے گی اسکی نمائندگی کروں گا۔