کراچی(این این آئی)وفاقی حکومت نے 17لاکھ 53 ہزار متاثرہ خاندانوں میں 42ارب 63 کروڑ روپے تقسیم کردیئے ہیں۔وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد میں دن رات مصروف عمل ہے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 25 ہزار روپے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتوارکو ہفتہ وار چھٹی کے باوجود بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خصوصی ادائیگی کیمپس کھلے رہے اور سیلاب متاثرہ 1 لاکھ 22 ہزار خاندانوں میں 25 ہزار روپے فی خاندان امداد تقسیم کی گئی۔اب تک بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کے 17 لاکھ 53 ہزار متاثرہ خاندانوں میں 42 ارب 63 کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں اب تک ایک لاکھ 44 ہزار 80 خاندانوں کو مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ مل چکے ہیں۔سندھ میں 12 لاکھ متاثرہ خاندانوں کو30 ارب 46 کروڑ تقسیم کئے جاچکے۔خیبرپختونخوا میں 1 لاکھ 56 ہزار خاندانوں کو 3 ارب 92 کروڑ روپے مل گئے ہیں۔پنجاب کے 1 لاکھ 85 ہزار سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 4 ارب 63 کروڑ روپے دے دئیے گئے اورگلگت بلتستان میں بھی 244 سیلاب متاثرہ خاندانوں نے اب تک 61 لاکھ روپے وصول کئے ہیں ۔