لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین گروپ میں شامل اراکین قومی اور پنجاب اسمبلی نے جہانگیر ترین کے کہنے پر وفاقی اور صوبائی بجٹ منظور کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ میں شامل اراکان قومی و صوبائی اسمبلی میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو بجٹ پاس کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے اور کہا ہے کہ جب بھی وفاق اور پنجاب میں بجٹ پیش کیا جائے گا وہ بجٹ پاس کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نئے مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے موقع پر جہانگیر ترین گروپ زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔دوسری جانب رواں مالی سال 2020-21ء کا بجٹ ختم ہونے میں 50 روز باقی رہ گئے ہے۔ پنجاب حکومت نے غیر متوقع طور پر 40 ارب روپے کا اضافی بجٹ اداروں کے سپرد کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور کے لئے 13 ارب روپے کا اضافی بجٹ مختص کر رکھا ہے اور یہ بجٹ اربن ڈویویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختص کیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور کے 412 ترقیاتی منصوبوں کے لئے 61 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔