اسلام آباد(این این آئی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے وسط سے ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔یہ سلسلہ (آج)16 جنوری سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور 19 جنوری تک جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کی شدت 20 جنوری سے بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ 21 جنوری سے یہ موسمی نظام ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔16 تا 19 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ اور حویلی جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، سوات، کالام، شانگلہ، اپر اور لوئر دیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔18 تا 20 جنوری کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔20 تا 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، بہاولپور، مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع اور پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 20 جنوری (رات) سے 23 جنوری کے دوران چترال، دیر، شانگلہ، کوہستان، سوات، کالام، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں درمیانی سے شدید برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ اور بالائی علاقوں میں سفری مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔















































