اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)پاکستان کے نامور سینئر اداکار جاوید شیخ اور معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کے درمیان ایک پریس تقریب کے دوران ہونے والی گفتگو اس وقت تنازع کا باعث بن گئی جب بظاہر ہنسی مذاق میں کی گئی بات ذاتی نوعیت اختیار کر گئی، جس پر جاوید شیخ نے سخت ردِعمل دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ پریس ایونٹ میں بہروز سبزواری، روبینہ اشرف اور شبیر جان سمیت شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر بشریٰ انصاری نے ایک جملہ کہا جسے سامعین کی بڑی تعداد نے جاوید شیخ کی ذاتی زندگی اور ان کی طلاق کی جانب اشارہ سمجھا۔
تقریب کے دوران بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ جاوید شیخ کے گھر گئیں مگر انہیں کھانے کی پیشکش تک نہیں کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جاوید شیخ کا گھر ان کی آنکھوں کے سامنے بنا اور پھر ٹوٹ گیا، اگرچہ اس میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ یہ بات جاوید شیخ کو ناگوار گزری اور انہوں نے کھلے الفاظ میں ناراضی کا اظہار کیا۔جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ کسی کی ٹوٹی ہوئی شادی یا گھر کو مذاق بنانا درست نہیں، اور انہوں نے کبھی بشریٰ انصاری کی ذاتی زندگی یا ان کی شادی سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئندہ ان کی زندگی پر طنز کرنا ہو تو پہلے اپنی ناکام شادی کا حوالہ دیا جائے، کیونکہ ان کی شادی بھی کامیاب ثابت نہیں ہوئی۔یہ واقعہ چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا، جہاں صارفین کی بڑی تعداد نے جاوید شیخ کے مؤقف کی حمایت کی اور بشریٰ انصاری کے بیان کو غیر مناسب، غیر ضروری اور حساسیت سے عاری قرار دیا۔















































