اسلام آباد (این این آئی ٗاے پی پی)رواں برس جون سے ستمبر کے دوران پاکستان سمیت جنوب ایشیائی ممالک میں زائد بارشوں کا امکان ہے۔سائوتھ ایشین کلائمیٹ آئوٹ لک فورم (ساسکوف) کا حال ہی میں آن لائن
اجلاس ہوا، جس میں رواں برس ہونے والی بارشوں سے متعلق بتایا گیا۔ساسکوف نے اجلاس میں خطے میں بارشوں سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوب ایشیائی ممالک سمیت پاکستان میں اس سال زائد بارشوں کا امکان ہے۔اس متعلق تفصیلی آئوٹ لک مئی کے آخر میں جاری کیا جائے گا۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن کے اوقات میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا اور اس دوران بلوچستان، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے مغربی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، تیز ہوائؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکا ن ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ جنوبی پنجاب، سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہا ہے اور خضدار میں 7، لیہ 3 اور زیریں دیر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔