لاہور(این این آئی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صوبہ بھرمیں ابھی تک ایک لاکھ چھتیس ہزارسے زائدہیلتھ کئیرورکرزکو پہلی اور83ہزارسے زائد ہیلتھ کئیرورکرزکوکوروناویکسین کی دوسری ڈوزلگائی جاچکی ہے،پنجاب بھرمیں ابھی تک تین لاکھ نوے ہزارسے زائد بزرگ شہریوں
کوکوروناویکسین کی پہلی اور 90ہزارسے زائد بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوزلگائی جاچکی ہے،پہلے رمضان المبارک کوصوبہ بھرمیں دونوں شفٹوں کے دوران 27323 بزرگ شہریوں کوروناویکسن لگائی گئی۔ پہلے رمضان المبارک کی مارننگ شفٹ میں 15130 اورنائٹ شفٹ کے دوران 12193 بزرگ شہریوں کو کوروناویکسین لگائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب بھرمیں 60سال عمر سے زائد بزرگ شہریوں کی ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔70سال عمرسے زائدافراد کو سنگل ڈوزویکسین لگائی جارہی ہے۔صوبہ بھرمیں ابھی تک مجموعی طورپرساڑھے سات لاکھ سے زائد شہریوں کو کوروناویکسین لگائی جاچکی ہے۔60سال عمرسے زائدبیماربزرگ شہریوں کو گھروں میں ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے صوبہ بھرمیں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔عوام سے کوروناوائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیرسختی سے اختیارکرنے کی اپیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 50 اور60سال عمر کے درمیان افرادکی
ویکسینیشن کیلئے فی الحال رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔روزانہ کی بنیادپر 20ہزارسے زائد شہریوں کو کوروناویکسین لگانے کا ہدف دیاگیاہے۔رمضان المبارک کے دوران پنجاب کے ویکسینیشن سنٹرزپر دوشفٹوں کے دوران بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔رمضان المبارک میں پہلی شفٹ صبح10بجے سے 4بجے سہ
پہراور دوسری شفٹ رات9بجے سے1بجے تک کے دوران ویکسین لگائی جارہی ہے۔پنجاب کی عوام کو بہترین ویکسین لگائی جارہی ہے۔عوام ویکسین لگوانے کے ساتھ ساتھ ماسک کے استعمال کو بھی لازمی یقینی بنائیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمینﷺ سکالرشپ کا آغاز کردیا جو کہ قوم کیلئے بڑا
تحفہ ہے۔ملک بھر کی129 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے ضرورتمند انڈر گریجویٹ طلبہ اس سکالرشپ سے اپنی تعلیم کا حصول ممکن بنا سکیں گے۔اس بڑے انیشییٹو کیلئے 27.93 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو اگلے پانچ سالوں میں خرچ ہوگی۔وفاقی حکومت 5.5 بلین سالانہ 70 ہزار طلبہ پر خرچ کرے گی۔پنجاب میں
پہلے ہی رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ طلبہ کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رحمت اللعالمین ﷺ سکالرشپ کیلئے سالانہ 1 بلین روپے مختص کیے ہیں۔خیبر پختونخواہ میں بھی سکالرشپس فراہم کیے جائیں گے۔قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہمارا مشن ہے,جس کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت تن
من دھن کی بازی لگا رہی ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ چند دنوں سے جو ایک کھینچا تانی چل رہی ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اس میں کوئی محب وطن پاکستانی شامل نہیں ہو سکتا۔ کوئی محب وطن جلاؤ گھیراؤ کے
واقعات میں ملوث نہیں ہو سکتا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں میں چینی کا الگ سٹال لگانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں کہ ایس او پیز کو یقینی بنایا جائے۔ اگر کوئی آفیسر
ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رمضان بازاروں کو کورونا کا گڑھ نہیں بننے دیں گے۔ رمضان بازار میں شکایات کا جائزہ لینے کے لئے سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان چوری کر کے بیوہ کے حق پر بھی ہاتھ صاف کرنے سے باز نہ آیا۔ شریف خاندان جاتی امرہ کی متنازعہ زمین کی دستاویزات ملکیت دکھانے میں ناکام رہا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا
کہ ن لیگ کی باقیات ہر جگہ موجود ہیں۔ ان کا رول شاہ سے زیادہ شاہ سے وفاداری کا ہے۔ اس طرح کی باقیات ہر جگہ حقائق کو چھپانے کی کوشش کرتی ہیں۔ جن نے دلوں میں اب بھی ن لیگ کی محبت مچلتی ہے کہ آپ کو قانون کی عملداری نبھانا ہے۔ آپ ظل سبحانی کے احکامات کی تعظیم کرتے کرتے جیل نہ پہنچ جائیں۔ 35سال سے قانون کا شکنجہ زنگ آلود تھا موجودہ حکومت قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔