اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) احتجاج کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رینجرز کو طلب کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشار ت کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا
جس میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔لاہور کی مال روڈاور کینال روڈ سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر رینجرزاور پولیس گشت کریں گی جبکہ اس کے علاوہ لاہور میں 16 اہم مقامات پر پولیس کے ساتھ رینجرز کو تعینات کر نے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔رینجرزکو سٹینڈ بائے پوزیشن کیلئے لایا جائے گا ، اگر شہر میں صورتحال خراب ہوتی ہے تو رینجرز امن و امان کی صوتحال کو بحال کرنے کیلئے سامنے آ ئے گی ۔اسلام آباد میں بھی رینجرز کو تعینات کر دیا گیاہے اور کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں ، دریں اثنا پتوکی میں دوسرے روز بھی موٹر وے بائی پاس ملانوالہ کو بند ہے ، موٹر وے بند ہونے سے ٹریفک کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئی، ڈی ایس پی سرل پتوکی اکرام خاں بھی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں پتوکی موٹر وے بائی پاس بند ہونے سے پورے پنجاب کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔