اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے اسلامی سال 42-1441ہجری کیلئے زکوٰۃ کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر کر دیا ہے۔تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رواں سال زکوٰۃ کا نصاب 80 ہزار 933 روپے مقرر کیا گیا ہے اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 80 ہزار 933 سے کم رقم پر زکوٰۃکی کٹوتی نہیں ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ
یکم رمضان المبارک سے بینک از خود زکوٰۃ کی رقم منہا کرنا شروع کردیں گے جو چاند کی رویت کے اعتبار سے 14 یا 15 اپریل ہوگی۔چنانچہ جن بینک اکاؤنٹس میں 80 ہزار 933 روپے کی رقم موجود ہوگی ان میں سے زکوٰۃمنہا کی جائے گی۔خیال رہے کہ زکوٰہ کی کٹوتی تمام سیونگ بینک اکائونٹس پر لاگو ہوگی جبکہ منافع و نقصان کی بنیاد پر کام کرنے والے اکاؤنٹس سے بھی زکوۃ کی کٹوتی کی جائے گی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے گزشتہ سال کیلئے زکوٰۃ کٹوتی کا نصاب 46 ہزار 329 روپے مقرر کیا تھا۔اسی طرح سال 2019 میں حکومت پاکستان نے ملک میں زکوٰۃکٹوتی کے لیے کم سے کم نصاب 44 ہزار 415 روپے مقرر کیا تھا۔سال 2018 میں زکوٰۃ کٹوتی کا نصاب 39 ہزار 198 روپے جبکہ سال 2017 میں 38 ہزار 405 روپے کی حد پر مقرر کیا گیا تھا۔یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلان کے مطابق ملک میں یکم رمضان المبارک 14 اپریل کو متوقع ہے۔